مشیر خزانہ شوکت ترین سے ڈائریکٹر جنرل سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا اے ڈی بی کی ملاقات

75

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین سے منگل کو ڈائریکٹر جنرل سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی ) یوجینیو زوکوف نے ملاقات کی۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ یوجینیو زوکوف نے مشیر کو آگاہ کیا کہ ویکسین کی خریداری کے لئے مختص فنڈز کا 80 فیصد تقسیم کر دیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اضافی فنڈز فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ اے ڈی بی کے بورڈ سے دسمبر کے پہلے ہفتے میں سماجی تحفظ کے لئے 600 ملین ڈالر کے پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی نے گھریلو وسائل کو متحرک کرنے پر ایک پروگرام بھی بنایا ہے اور فی الحال اس مقصد کے لئے تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستان کو ویکسین کی خریداری میں مدد فراہم کرنے میں اے ڈی بی کے کردار کو سراہا اور موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مشیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ مشیر نے بتایا کہ حکومت نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، سنگل ونڈو آپریشنز کے ساتھ ساتھ ٹریک اور ٹریس سسٹم کے ذریعے محصولات کی وصولی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت باقی ماندہ اقدامات کو وقت کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مشیر نے اے ڈی بی کی طرف سے دی جانے والی مدد کی تعریف کی اور سست رفتاری سے چلنے والے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے اور NDRMF کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔