اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مظاہرین نے ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے کی تیاری کر رکھی تھی، یہ لوگ جہاں بھی پولیس والوں کو دیکھتے تو انہیں مارنا شروع کر دیتے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ لوگ اس حد تک جائیں گے، حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ مظاہرین نے لوگوں کو اغوا اور پولیس والوں کو یرغمال بنانا شروع کر دیا ہے، ان لوگوں نے گزشتہ رات کو بھی پولیس والوں کو یرغمال بنایا اور رات گئے تک دھمکیاں دیتے رہے کہ ہم انہیں مار دیں گے، دو تین پولیس والوں نے بڑی مشکل سے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم ناموس رسالت ﷺ اور عقید ختم نبوت ﷺکے سپاہی ہیں، ن لیگ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے ترمیم لائی تھی ہم نے نہیں کرنے دی، ٹی ایل پی والے کہتے کچھ اور کرنا کرانا کچھ اور چاہتے ہیں، حکومت نے ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ایل پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہو گا، ان لوگوں کی طرف سے کیا ردعمل آ سکتا ہے، یہ زیادہ سے زیادہ کسی غریب پر حملہ کر سکتے ہیں لیکن جو لوگ بھی قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے قانون ان کا پیچھا کرے گا۔