مظفرآباد میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح ، طلبا و طالبات مستفید ہوں گے، کنڈل شاہی

12

مظفر آباد۔ 13 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کنڈل شاہی میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزادکشمیر کرنل یوسف جاوید، ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کنڈلشاہی فری لانسنگ ہب سے جاگراں، چنجاٹھ، کٹن، باٹا، اسلام پورہ، کیاں شریف اور گجان سمیت دیگر علاقوں کے طلبا و طالبات مستفید ہوں گے۔ ڈی جی ایس سی او نے کنڈل شاہی فری لانسنگ ہب کے بارے بریفنگ لی اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبا کے تاثرات لئے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کو درکار ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن فری لانسنگ ہب کے قیام سے آزاد جموں و کشمیر کو موجودہ جدید دور میں ترقی کے ساتھ آگے بڑھنے میں تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے

اور اس بات کو یقینی بنا رہاہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک جدید ڈیجیٹل مواقع تک رسائی حاصل ہو۔ اس موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کہا کہ یہ ہب نوجوانوں کو جدید سہولیات، تیز رفتار انٹرنیٹ اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ سے جڑنے کا موقع فراہم کرکے ان کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔ ڈی جی ایس سی او نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فری لانسنگ کی مہارتوں سے بااختیار بنانے سے خطہ اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ نوجوانوں کو ان مراکز کے ذریعے تربیتی پروگرام بھی پیش کریں گے تاکہ نوجوانوں کو فری لانسنگ کی ضروری مہارتیں سیکھنے میں مدد ملے، جس سے وہ گھر بیٹھ کر اپنی آمدنی بڑھا سکیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں۔

مقامی لوگوں نے ایس سی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے میں بے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یاد رہےیہ اقدام ایس سی او کے ویژن 2025 کا حصہ ہے جس کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہلے ہی 65 فری لانسنگ ہب اور 15 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جا چکے ہیں، جن سے اب تک 1500 سے زائد فری لانسرز مستفید ہو رہے ہیں۔ ایس سی او حکام نے کہا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ پاکستان کے ڈیجیٹل انقلاب میں کوئی خطہ پیچھے نہ رہے۔