مظلوم خواتین کو انصاف کی فراہمی ہمارا مشن ہے،حنا پرویز بٹ

90

لاہور۔3فروری (اے پی پی):حنا پرویز بٹ سے لاہور ویمن پروٹیکشن سینٹر میں متاثرہ خواتین نے پیر کو ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق چئیرپرسن حنا پرویز بٹ نے خواتین کے مسائل خود سنے، خواتین نے شکایت کی کہ ان کے کیس طویل عرصے سے زیر التوا ہیں۔ ایس پی اقبال ٹاون اور ایس ایچ او وحدت کالونی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حنا پرویز بٹ نے متعلقہ حکام کو خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین کے مسائل کے حل میں پہلے سے زیادہ متحرک ہے۔

خواتین کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے خواتین کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ،مظلوم خواتین کو انصاف کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آواز دبنے نہیں دوں گی، مظلوم خواتین کی داد رسی کے لیے ہر وقت تیار ہیں ، ہر عورت کو بااختیار اور مضبوط دیکھنا میرا خواب ہے ، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ہر مظلوم خاتون کے ساتھ کھڑی ہے ،پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی میں خواتین کے مسائل حل ہونے لگے ہیں۔