اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمیں اپنے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے 1400 سال قبل ہمارے نبیﷺکی مرتب کردہ شاندار روایات پر عمل کرنا ہوگا۔
بدھ کو اپنی زیر صدارت رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں جدید ذرائع ابلاغ بالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے نوجوانوں کواجنبی ثقافت کے غیر اخلاقی حملوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ رحمۃ للعالمین ﷺاتھارٹی کے قیام کا مقصد ہماری نوجوان نسل میں اخلاقی اقدار کو بیدار کرنا ہے جسے انٹرنیٹ کے اس دور میں ہر طرح کے غیر اخلاقی مواد تک آن لائن رسائی حاصل ہے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تحقیق کے ذریعے اس بات کا تعین کریں کہ کس طرح ہمارے ٹیک ساوی نوجوانوں کی کردار سازی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے سیرت طیبہ کی شاندار تعلیمات کی روشنی میں سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر طلبہ کو تعلیم دینے کے لیے نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور دیا۔