معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی شان رحمت اللعالمین کے تیسرے روز کی تقریبات بارے میڈیا بریفنگ

87

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):ہر مسلمان نبی کریم ؐسے جذباتی وابستگی رکھتا ہے۔ نبی کریم ؐسے محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور اس وقت جبکہ مغرب کے رویے سے تمام دنیا کے مسلمان دل شکستہ ہیں مغرب کو یہ پیغام دینا ازحد ضروری ہے کہ مسلمان جان تو قربان کرسکتا ہے لیکن رسول کریم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐمنانے کا فیصلہ کرکے جس طرح یہ پیغام دنیا کو دیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ عالم اسلام میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اقدام ہے اس سے نہ صرف عالم کفر و الحاد کو رسول کریمؐ سے ہماری عقیدت و احترام کا واضح پیغام جائے گا بلکہ ہمارے اپنے اندر ہمارے طلباءو طالبات اور عوام میں عقیدت و احترام کی روح تازہ ہوگی اور ہم اپنے آقا رسول کریم ؐکی بارگاہ عقیدت میں نذرانہ محبت پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐکے تیسرے روز کی تقریبات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پنجاب کے تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلوں میں اس پروگرام کے تحت میلاد کی محافل، ریلیوں اور واکس کا اہتمام کیاجا رہا ہے اور مختلف مقامات پر محافل نعت، تقریری مقابلے اور محفل سماع کا انعقاد دیکھاجارہا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں نبی مکرمؐ کی ذات بابرکات کا نام نامی آ جائے وہاں کوئی اختلاف باقی نہیں رہتا نہ کوئی سیاست رہتی ہے آقاکی ذات ہم سب کیلئے منبع و محور ہے۔