اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بدھ کو اپنی ٹیم کے ہمراہ ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور احساس تحفظ کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ہسپتال کی انتظامیہ اور طبی عملے کے ساتھ تحفظ پروگرام پر تفصیلی میٹنگ کی۔ہولی فیملی ہسپتال میں احساس تحفظ کا پائلٹ پراجیکٹ جاری ہے۔
اس منفرد پروگرام میں مستحق مریضوں کو صحت کے تباہ کن اخراجات سے بچانے کیلئے صحت امداد فراہم کی جاتی ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پروگرام کو ڈیجیٹل خطوط پر مرتب کیا گیا ہے جس کی بدولت ہسپتال میں داخل مستحق مریضوں کو فوری صحت امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس ضمن میں ہولی فیملی ہسپتال میں احساس تحفظ کا سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔
تحفظ پروگرام کو اگلے مرحلے میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی پھیلایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن محمد علی شہزادہ اور وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر بھی موجود تھے۔