معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ، ان کی کھیل کے میدانوں میں حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے، صبا شمیم جدون

149

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (خواتین ونگ) کی صدر صبا شمیم جدون نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی کھیل کے میدانوں میں حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن 3 دسمبر کو منایا جارہا ہے اس کے حوالے سے پاکستان میں بھی معذور افراد کے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کے بارے میں آگہی کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے یکساں طور پر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ صبا شمیم جدون نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا معاشرے کے ہر فرد کا اخلاقی فرض ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہی اصل عبادت ہے۔