معروف اداکار قاضی واجد کی برسی منائی گئی

63

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان ریڈیو اور ٹیلی ویژن کےمعروف اداکار قاضی واجد کی برسی 11فروری کو منائی گئی۔ قاضی واجد26 مئی 1930 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 10 برس کی عمر میں فنی کیریئر کا آغاز کیا ،ریڈیو پاکستان پر بچوں کے پروگرام نونہال میں صدا کاری کے جوہر دکھائے۔ قاضی واجد 25 برس تک ریڈیو سے منسلک رہے ۔انہوں نے 1967 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے پہلا ڈرامہ’’ایک ہی راستہ ‘‘کیا اور ’’خدا کی بستی‘‘ سے ملک گیر شہرت حاصل کی جس کے بعد ان کی کامیابی کا سفرجاری رہا۔

قاضی واجد کے یادگار ڈراموں میں دھوپ کنارے، ان کہی، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، چاند گرہن، پل دو پل اور انارکلی وغیرہ شامل ہیں۔ قاضی واجد کوان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈزسے بھی نوازا گیا۔ قاضی واجد 11 فروری 2018 کو کراچی میں انتقال کر گئے ۔ ان کی برسی پر شوبزانڈسٹری اور فنکار برادری نے قاضی واجد کی خدمات پر انہیں بھرپور اندازمیں خراج عقیدت پیش کیا۔