معروف افسانہ نگار غلام عباس کی برسی 2 نومبر کو منائی جائے گی

161

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):اردو ادب کے معروف افسانہ نگار غلام عباس کی برسی 2 نومبر کو منائی جائے گی ۔ غلام عباس17نومبر 1909 کو امرتسر میں پیدا ہوئےاور ابتدائی تعلیم لاہور میں حاصل کی۔1938 میں غلام عباس آل انڈیا ریڈیو کے جریدے ’’آواز‘‘ کے ایڈیٹر کے عہدے پر تعینات ہوئے اور اسی عرصہ کےد وران انہوں نے افسانہ ’’آنندی‘‘تحریر کیا ۔ ہدایت کار شیام بینیگل نے اسی افسانے سے متاثر ہو کر فلم ’’منڈی‘‘ بنائی اور 1948 میں ان کا پہلا افسانوی مجموعہ بھی ’’آنندی‘‘ کے نام سے ہی شائع ہواتھا ۔

قیام پاکستان کے بعد غلام عباس پاکستان منتقل ہوگئے اور ریڈیو پاکستان کے جریدہ ’’آہنگ‘‘ کا آغاز کیا۔ 1949 میں وہ وزارتِ اطلاعات و نشریات سے وابستہ ہوئے اور بعد ازاں برطانوی نشریاتی ادارے سے منسلک ہو گئے۔

1952 میں لندن سے واپسی پر انھوں نے دوبارہ ریڈیو پاکستان سے کام کا آغاز کیا اور 1967 تک کام کرتے رہے۔ 1960 میں اُن کا دوسرا افسانوی مجموعہ ’’جاڑے کی چاندنی‘‘ شائع ہوا جس پر انھیں آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1969 میں اُن کا تیسرا افسانوی مجموعہ ’’کن رس‘‘ شائع ہوا۔ انہوں نے 1986 میں اپنے افسانے ’’گوندنی والا تکیہ‘‘ کو کتابی شکل میں شائع کیا۔ غلام عباس بچوں کے کئی رسائل کے مدیر بھی رہے۔

اردو ادب کے معروف افسانہ نگار غلام عباس 2 نومبر 1982 کو کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملے۔غلام عباس کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔