اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) معروف برطانوی اقتصادی جریدے دی اکانومسٹ نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرقیادت منتخب جمہوری حکومت کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان زیادہ خوشحالی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔ جریدے نے اپنے ایک آرٹیکل میںبیان کیا کہ اقتصادی کامیابیوں کے علاوہ لاہور میں حالیہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل نے کرکٹ کی دنیا کے شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔ جس میں متعدد غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ آرٹیکل کے مطابق پاکستان کی سٹاک ایکسچینج مارکیٹ ایشیاءکی بڑی مارکیٹ کی حیثیت سے ابھری ہے، غربت میں کمی آئی ہے اور متوسط طبقہ ترقی کررہا ہے۔ ملک میں روشنیاں بحال ہورہی ہیں، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے، ماضی میں 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ تھی، توانائی کے شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ حکومت آئندہ سال تک لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔