اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):معروف لوک گلوکار و اداکارعارف لوہار کی سالگرہ جمعہ18 اپریل کو منائی گئی۔ عارف لوہار 18 اپریل 1966 کو لالہ موسیٰ میں پیدا ہوئے، آواز کی چاشنی اور خوش لباسی ان کی پہچان ہے۔
عارف لوہار گذشتہ 20 سالوں کے دوران دنیا بھر میں 50 سے زیادہ غیر ملکی دوروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ جن میں مملکت متحدہ، ریاستہائے متحدہ اور متحدہ عرب امارات کے دورے بھی شامل ہیں ۔انھوں نے پاکستان اور بھارت میں متعدد پنجابی فلموں میں بھی نغمے گا چکے ہیں۔
ان کے گائے صوفیانہ کلام اور جگنی نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ عارف لوہار نے 2010 کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سرگرم مہم چلائی ۔ انہوں نے قومی ٹیلی وژن اور بین الاقوامی سطح پر فنڈ اکٹھا کرنے میں اہم کردار بھی ادا کیا ۔
اس دوران عارف لوہار نے ملک بھر میں خصوصی محافل موسیقی میں بھی پرفارم کیا۔عارف لوہار کو برٹ ایشیاء ٹی وی میوزک ایوارڈز کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
عارف لوہار کی سالگرہ کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور گلوکار برادری سمیت ان کے مداحوں نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584004