اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای)، پیرا ، سپیشل ایجوکیشن اور نان فارمل ایجوکیشنل (این ایف ای ) کے زیراہتمام تمام تعلیمی اداروں میں یوم تشکر منایا گیا جس میں معرکہ حق کی تاریخی فتح اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں اس خصوصی دن کو منانے اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قومی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسمبلی میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔اسمبلی میں مجلسوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اسمبلیوں کے دوران اداروں کے سربراہان نے اپنی تقاریر میں آزادی کی اہمیت پر بات کی اور موجودہ جنگ کے دوران افواج پاکستان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ ایریا ایجوکیشن آفیسرز نے بھی اپنے اپنے سیکٹرز کے تعلیمی اداروں میں اسمبلی کی مجلسوں میں شرکت کی۔ طلباء نے مسلح افواج کی بہادری کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے جنگ کے شہداء کے لئے جنت الفردوس میں بلندی درجات کی دعا کی۔ اس دن کو آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر خصوصی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، یہ ایک اہم اقدام ہے جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف قومی سلامتی اور امن کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان نے پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف ثقافتی اور حب الوطنی کی سرگرمیاں جیسے ٹیبلو پرفارمنس، ملی نغمے، مباحثے، مضمون نویسی کے مقابلے اور پاکستان کی تاریخ، ورثے اور فوجی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی نمائشوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ فخر اور تاریخی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ سٹاف، طلباء اور کمیونٹی نے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں خاموشی اختیار کی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ حاضرین کو مسلح افواج کی قربانیوں اور آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے ویڈیو دستاویزی فلمیں
وال ڈسپلے اور سابق فوجیوں یا دفاعی ماہرین کی تقاریر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دریں اثناء فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے زیراہتمام اداروں کے 200 طلباء پر مشتمل دستے نے ایف نائن پارک میں واقع یادگار شہدا کا دورہ کیا۔ دورہ کا بنیادی مقصد بنیان مرصوص کے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنا تھا۔طلباء نے یادگار پر پھولوں کی پتیاں اور گلدستے پیش کئے جو قومی تشکر اور اجتماعی یاد کی علامت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598017