اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کوراغب کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے کاروباردوست ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں امریکی سفارت خانہ کی ناظم الامورانجیلا پی ایجیلا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری خزانہ ودیگرسینئرافسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔
وزیرخزانہ نے امریکی ناظم الامورکاخیرمقدم کیا اورکہاکہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان وسیع البنیاد اورکثرالجہتی دیرینہ تعلقات استوارہیں۔ وزیرخزانہ نے موجودہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈا اورپالیسیوں پر پرروشنی ڈالی اورکہاکہ ملک میں اقتصادی اورمالیاتی استحکام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی ناظم الامورنے وزیرخزانہ کامنصب سنبھالنے پرمفتاح اسماعیل کومبارکباددی اورانہیں امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کی حکومت اورعوام کومعاونت فراہم کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے ہم مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے تیارہیں۔وزیرخزانہ نے امریکی ناظم الامورکاشکریہ ادا کرتے ہوئے امریکہ اورپاکستان کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری میں وسعت کیلئے موجودہ حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔
دریں اثناء وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل سے وفاقی وزیرنجکاری عابدحسین بھائیونے ملاقات کی،نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد سلیم بھی اس موقع پرموجودتھے، اجلاس میں نجکاری کے مجوزہ منصوبہ کاجائزہ لیاگیا۔وزیرخزانہ نے نقصان میں جانیوالے سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری کے عمل کوتیز کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے ان داروں کی کارگردگی، فعالیت اوران میں مسابقت کی اہمیت کوبھی اجاگرکیا اورکہاکہ اس سے ملک کے محصولات کی مجموعی بنیاد میں اضافہ ہوگا۔
وزیرخزانہ نے نقصان میں جانیوالے کاروباری اداروں کی نجکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں اورمسائل کوحل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔