مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے میں جی آئی زیڈ جرمن کا کردار قابل ستائش ہے، میاں کاشف اشفاق

79
Mian Kashif

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ مارکیٹ ضروریات کو پورا کرنے اور جدید سائنسی خطوط پر تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے میں جی آئی زیڈ جرمن کا کردار قابل ستائش ہے۔

پنجاب ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی انسٹی ٹیوٹ دھوبی گھاٹ کی تقریب تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ جرمنی اور پاکستان 1957 سے پائیدار ترقی میں شراکت دار ہیں۔ جی آئی زیڈ 50 سال سے دنیا بھر میں پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعلیم کے میدان میں اقتصادی ترقی، روزگار کے فروغ، توانائی و ماحولیات اور امن و سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی یافتہ مستقبل کی تشکیل کے لیے پر عزم ہے۔

میاں کاشف اشفاق جو پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ممبر بھی ہیں، نے بتایا کہ 25 شرکاکو ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی 6 ماہ کی تربیت دی گئی اور ان میں سے 16 کو اچھے پیکج کے ساتھ ملازمت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث کے بیرون ملک سے واپس آنے والوں کو فوقیت دے کر تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر دوبارہ بیرون ملک واپس جا کر زرمبادلہ کما سکیں۔ اس موقع پر صدر بورڈ آف مینجمنٹ پی وی ٹی سی مزمل سلطان، ایریا منیجر ناصر عباس اور پرنسپل منیر طارق نے بھی مختصر خطاب کیا اور ٹریننگ کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔