دوحہ۔12اپریل (اے پی پی):قطر نے قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (یو این آر ڈبلیو اے) سے منسلک چھ سکولوں کو بند کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق قطری وزارت خارجہ سے جاری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا مقبوضہ علاقوں میں جاری اسرائیلی جرائم کے سلسلے میں ایک نیا جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک بنیادی حق ہے جس کی ضمانت بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور کنونشنز کے ذریعے دی گئی ہے۔ قطر کی جانب سے تعلیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے کردار کو ختم کرنے یا کم کرنے کے لیے اسرائیلی اقدامات بار بار کیے جارہے ہیں۔قطر نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اقدام کرے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی تعمیل کرنے پر مجبور کرے۔
وزارت خارجہ نے بین الاقوامی قانونی قراردادوں اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینی کاز کی حمایت اور فلسطینی عوام کے لیے 4 جون 1967 کی سرحد پر مبنی فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد آل ثانی نے ترکیہ کے شہر انطالیا میں منعقدہ غزہ کی پٹی میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق غیر معمولی عرب اور اسلامی سربراہی اجلاس کی وزارتی کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل اور مستقل امن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بھی قطری وزیر اعظم نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے موقف کا اعادہ بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580914