مقبوضہ کشمیر میں 75 سال سے جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف جہلم ویلی میں بھرپور انداز میں یوم سیاہ منایا گیا

102

جہلم ویلی ۔27اکتوبر (اے پی پی):مقبوضہ کشمیر میں 75 سال سے جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف جہلم ویلی میں بھرپور انداز میں یوم سیاہ منایا گیا ۔اس موقع ایس پی مرزا زاہد حسین،اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین گیلانی، تحصیلدار راشد خان، صدر انجمن تاجران سید فیصل گیلانی،،پولیس سمیت سرکاری،غیر سرکاری اداروں،وکلاء سول سوسائٹی، ,شہریوں,مذہبی نمائندوں,صحافیوں اور تاجروں نے سڑکوں پر نکل کر کالے جھنڈے،کالی پٹیاں باندھ کربھارت مخالف شدید نعرے بازی اور احتجاجی مظاہر ہ کیا اورعالمی برداری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ بھارتی ظلم وستم کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے، آئے روز کرفیو لگایا جاتا ہے اس کو ختم کیا جائے اور مظلوم کشمیریوں کو آزادی دی جائے۔

یوم سیاہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ایس پی مرزا زاہد حسین نے کی،ریلی عدالت بازار میں اختتام پذیر ہوئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر غیر ریاستی لوگوں کو پزیرائی دی جا رہی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، 1947 سے لیکر آ ج تک لاتعداد کشمیریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا انہوں نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کا دن بھی ہمیں یاد ہے اس واقعہ کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری 75 سالوں سے ہماری بات نہیں سن رہی کشمیر صرف باتوں سے نہیں عملی کوشش سے آزاد ہو گا، 1947 سے لے کر آج تک مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہوا مسلمان آج بھی بھارت کے مظالم سے مر رہے ہیں ظلم اور بربریت کو ختم کیا جائے بھارت ظلم بند کرے۔بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں ان کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کنٹرول لائن پر پہاڑوں کی چوٹیوں پر دفاع وطن کے لیے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اور آ ج کے دن سے یہ عزم اور ارادہ کرتے ہیں کہ کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ریلی کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔