لاہور۔30اپریل (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوج کے باوجود پہلگام کا واقعہ ہونا مودی سرکار کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔افضل گرو سے پہلگام تک بھارت کا ہر الزام بے نقاب ہوا،آج بھی ثبوت دینے سے قاصر ہے۔انڈیا ہمیشہ پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے میں پیش پیش رہا ہے۔سمجھوتہ ایکسپریس، پٹھان کوٹ اور پلوامہ جیسے واقعات میں بھارت کوئی ثبوت فراہم نہ کر سکا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح شواہد کے ساتھ بھارت کے اندرونی دہشتگرد عناصر کو بے نقاب کیا ہے۔
بھارتی آرمی جنرلز خود اعتراف کر چکے ہیں کہ بھارت کے کئی حملے خود ساختہ اور جھوٹے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج کے حوصلے بلند ہیں،جعفر ایکسپریس اور دیگر مسائل پر قوم کو حقائق سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔ کل دشمن کی مشقیں ملتوی ہو گئیں کیونکہ جیسے ہی پاکستانی شاہین فضا میں بلند ہوئے ان کا ارادہ بدل گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج وردی صرف تنخواہ کیلئے نہیں پہنتی بلکہ ملک و قوم کیلئے ہر وقت قربانی دینے کیلئے تیار رہتی ہے۔
دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی اور پاکستان ہر انچ زمین کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور کو حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں اسے دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔لاہور کو نیویارک اور سڈنی سے زیادہ صاف شہر قرار دیا جا رہا ہے اور جون تک باقی سیف سٹی منصوبے مکمل ہونے کے بعد پورا پنجاب محفوظ ترین خطہ بن جائے گا۔نمبیو(Numbeo) کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں جرائم کی شرح میں50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈکیتی اور قتل جیسے سنگین جرائم میں64 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ سرکاری دعوے نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈیٹا کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے لاہور پولیس کو اس کامیابی پر شاباش دی ہے اور آئندہ بھی امن و امان کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کا اعادہ کیا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ماضی میں صرف نعرے لگائے جاتے تھے کہ پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے گا لیکن موجودہ حکومت نے عملی اقدامات کئے۔سیف سٹیز پراجیکٹ کی کامیابی اسی کا عملی ثبوت ہے اور جون2025 تک یہ منصوبہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
جنوبی پنجاب اور بارڈر ایریاز میں پولیس کو سیفٹی کا جدید سامان فراہم کیا گیا ہے،جو پہلے دستیاب نہیں تھا۔ گزشتہ ایک سال میں400 سے زائد پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں کرپشن اور نااہلی پر سزائیں بھی شامل ہیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلی آج طلبا میں لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی جبکہ "صاف چلی، شفاف چلی” اسکیم پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی شفاف گورننس مہم بن کر ابھری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590508