اوٹاوا ۔ 5 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی سپورٹ کےلئے پاکستانی ہائی کمیشن اوٹاوا میں یوم یکجہتی کشمیرمنایا گیا۔ تقریب میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ہائی کمیشن کی جانب سے موصولہ پیغام کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ہائی کمشنر محمد سلیم نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں وکشمیر کے عوام کی خواہش کے مطابق حل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں بلکہ اس سے عالمی میڈیا، این جی اوز اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسے اداروں کو بھی اطلاعات تک رسائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب مقبوضہ بھارتی کشمیر میں نہتے اورمعصوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے کیونکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور طاقت کے استعمال سے نہتے اور معصوم شہریوں کو قتل کرنے کے ساتھ ساتھ زخمی بھی کیا جارہا ہے۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے جموں وکشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن(او ایچ سی ایچ آر) کی رپورٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی تحقیقات کےلئے انکوائری کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے انا کردار ادا کرے۔ تقریب کے آغاز پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=132992