مقتدرہ قومی زبان کے زیر اہتمام دو روزہ ”بین الاقوامی اقبال کانفرنس“آج ہو گی

205

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلے میں ، مقتدرہ قومی زبان (این ایل پی ڈی) کے زیر اہتمام دو روزہ ”بین الاقوامی اقبال کانفرنس“ (آج) 9 اور(کل) 10 نومبر کومنعقد ہو گی۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ، شفقت محمود کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے، جس کا مقصد اقبال کے فلسفے اور شاعری کے نئے پہلوئوں کو تلاش کرنا ہے۔ مقتدرہ قومی زبان کے حکامکے مطابق قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے پارلیمانی سکریٹری بھی شاعرمشرق کے افکار پر روشنی ڈالیں گے اوراپنے خیالات کا کانفرنس کے شرکاکے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ پروفیسر فتح محمد ملک ، افتخار عارف ، خالد مسعود ، سمیت ترکی سے ڈاکٹر باصرہ عنبرین، ڈاکٹر رو¿ف باریخ ، ڈاکٹر سعیدہ طاہر ، ڈاکٹر عینا سواروا ، ڈاکٹر ابراہیم محمد ابرہیم ، ڈاکٹر علی بیعت اور ڈاکٹر عاصمان بیلان سمیت معروف ادبی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ ملک بھر اور بیرون ملک سے نامور اسکالر اس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ علامہ اقبال کے اہل خانہ سے جسٹس (ر) بیگم ناصرہ جاوید اقبال ، سینیٹر ولید اقبال ، منیب اقبال اور اقبال صلاح الدین کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں اردو ادب کے عظیم شاعر کی ادب اور قیام پاکستان میںکردار پر روشنی ڈالی جائے گی۔