ملائیشیا کا یورپی یونین کے بلاک سے پام آئل فیول کا استعمال ختم کرنے کے فیصلے کو عالمی ادارہ برائے تجارت میں چیلنج کرنے کا اعلان انڈونیشیا پہلے ہی اس فیصلے کو ڈبلیو ٹی او میں چیلنج کرنے کی دھمکی دے چکا ہے

190

کوالالمپور ۔ 17 مارچ (اے پی پی) ملائیشیا نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے بلاک میں پام آئل فیول کا استعمال ختم کرنے کے فیصلے کو عالمی ادارہ برائے تجارت میں چیلنج کرے گا۔یورپی یونین نے حال ہی میں بلاک کی حدود میں پام آئل سے تیار ہونے والے ایندھن کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ پام آئل کی زیادہ سے زیادہ کاشت سے جنگلات کا تیزی سے خاتمہ ہورہا ہے چنانچہ اس کے یورپی بلاک میں بطور ایندھن استعمال کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔دوسری جانب ملائیشین وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کا یہ فیصلہ اس کی پروڈکٹ کو یورپ سے ختم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، اس پر عمل کیا گیا تو یہ عمل عالمی ادارہ برائے تجارت میں چیلنج کیا جائے گا، اس طرح کا جارحانہ اقدام ہمارے 6 لاکھ 50 ہزار سے زائد کاشتکاروں کے مفاد کے خلاف ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔دنیا بھر میں پام آئل کا سب سے بڑا پید کنندہ انڈونیشیا پہلے ہی اس اقدام کو عالمی ادارہ برائے تجارت میں چیلنج کرنے کی دھمکی دے چکا ہے۔