
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد پاکستان کے تین روزہ دورے پر یہاں پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے نورخان ایئر بیس پر اپنے ملائیشیائی ہم منصب کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مہمانداری وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ملائیشیاءکے وزیراعظم کی ایئرپورٹ آمد پر انہیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی ہے جس میں متعدد اہم کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان اعزاز ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی مصروفیات میں صدرپاکستان سے ملاقات، وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پربات چیت شامل ہے۔ دونوں وزرائے اعظم پاکستان میں آٹو موبائل اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفسران کے گول میز مذاکرے سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیراعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس دورے میں دونوں ممالک اور عوام کے استفادہ کیلئے معیشیت، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات میں اضافہ پرتوجہ مرکوز رہے گی۔