ملاوٹ ، سمگل شدہ اور غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات کے دھندے میں ملوث عناصر کو سات دن کی مہلت دیتا ہوں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی صحافیوں سے گفتگو

72

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاوٹ اور سمگل شدہ اور غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات کے دھندے میں ملوث عناصر کو سات دن کی مہلت دیتے ہوۓ خبردار کیا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں بڑی کارروائی کرے گی۔ بدھ کو سی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر آج پہلے سیاسی فیصلے کا اعلان کر رہا ہوں۔ وزیر داخلہ نے سات دن کے اندر اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات پٹرول پمپوں سے ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوۓ کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر مہم چلائی جاۓ گی اور سات دن کے اندر اندر اگر اسمگل پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو ایسے پیٹرول پمپ بند کرا دیئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سمگل شدہ پٹرول سے ملک کا 7 بلین ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں، مسیحی بھائیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چرچوں کا خیال رکھیں اور ہر طرح سے سہولت فراہم کریں تاکہ وہ کرسمس کی خوشیاں مناسکیں، انہوں نے کویڈ کے دوران مسیحی برادری کی خدمات کو بھی سراہا