ملتان میں پی ایس ایل8 میچز ختم، نجم سیٹھی کا تمام ٹیموں کی حمایت پر ملتانی شائقین کا شکریہ

153

ملتان۔ 23 فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل 8 کے ملتان میں کھیلے گئے پانچ میچوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام ٹیموں کی بھرپور حمایت کرنے پر ملتان کے کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کیاہے۔نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملتان نے ایک مرتبہ پھرثابت کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ان کے اور پاکستان کے لیے کیا معنی رکھتا ہے۔

انہوں نے ملتان میں پی ایس ایل میچز کے کامیاب انعقاد پر مقامی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملتان میں پی ایس ایل 8 کے کھیلے گئے آخری میچ میں شائقین خوب محظوظ ہوئے، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ مدتوں یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں بہت کچھ باقی ہے،ابھی پی ایس ایل ایکشن لاہور اور راولپنڈی میں بھی نظر آئے گا۔