ملتان۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):ملتان میں لودھراں روڈ پر بستی لانگ کے قریب واردات کے دوران حادثے کا شکار ہو کر دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق پیر کو رات گئے ڈالے پر تین افراد پولٹری فارم سے مرغیاں لوڈ کر کے جا رہے تھے کہ لودھراں روڈ پر بستی لانگ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلحہ ڈاکوؤں نے انہیں روک کر لوٹنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے رکنے کی بجائے ڈالے کوبھگا دیا۔
ڈاکو پیچھا کرتے ہوئے تقریباً آدھے کلو میٹر بعد فائرنگ کرتے ہوئے ڈالے کے آگے آ گئےجس پر خوف زدہ ہوکر ڈرائیور ڈالا نہ سنبھال سکا اور ڈالا ڈاکوؤں سے ٹکرانے کے بعد سڑک کنارے واقع بجلی کے کھمبے سے جا لگاجس سے ڈالے میں سوار افراد زخمی اور دو ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں سے ایک کی شناخت 24 سالہ محمد عمر ولد اعجاز احمد سکنہ جلالپور پیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ۔ وقوعہ کی اطلاع پر تھانہ سٹی جلالپور پیر والا پولیس نے موقعے پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے دو غیر قانونی پستول برآمد کئے۔ وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے ہلاک ڈاکوئوں کی لاشوں کو نشتر ہسپتال کے سر دخانے منتقل کردیا گیا ہے۔