ملتان۔ 13 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران چھ روز میں 13اضلاع میں 265افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑلیا گیا، مجموعی طورپر 2کروڑروپے سے زائد جرمانہ عائد کیاگیا۔92بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات کا اندراج ہوا۔
گلگشت کے علاقہ گردیزی مارکیٹ میں الرحمن بوائز ہاسٹل میں بڑی بجلی چوری پکڑ لی۔ایس ڈی او ملک کاظم اعوان کی سربراہی میں ٹیم نے چیکنگ کے دوران بجلی چوری کا سراغ لگایا۔بوائز ہاسٹل کے 25کمروں میں 12اے سی اور 13روم کولر ز ڈائریکٹ تاریں لگاکر چلائے جارہے تھے۔
ممتازآباد میں 10دوکانوں اور ایک ہوٹل پر ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری پکڑی گئی۔رحیم یار خان کی بستی ملانہ میں کنڈاکلچر کے خاتمے کے لئے ایل ٹی لائن منقطع کردی ۔بستی ملوک میں گھروں کے اوپر سے گزرنے والی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کی جارہی تھی ۔
کنڈیاں اتارکر تاریں اور بجلی تنصیبات قبضہ میں لے لیں ۔روجھان میں پولیس فورس کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیاگیا۔بستی رندھانی، بستی شیرو خان اور بستی فیض اللہ تمبانی میں 50سے زائد گھروں میں صرف 7میٹرز نصب تھے۔
تینوں بستیوں میں بجلی چوری کی شرح زیادہ ہونے پر ٹرانسفارمرز اتارے گئے۔چوٹی زیریں اور شادن لنڈ کے علاقوں میں ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرنے پر تین ٹرانسفارمرز اور ایل ٹی لائن اتارلی گئیں۔بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں ۔میپکو ریجن میں 246گھریلو، 14کمرشل، 4زرعی ٹیوب ویل اور ایک صنعتی صارف بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390289