ملک بھر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنوں میں وطن عزیز کا76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا گیا

204

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):ملک بھر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں پوری پاکستانی قوم نے وطن عزیز کے76 ویں یوم آزادی کا جشن پیر14 اگست2023 کو ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا، دن کا آغازوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی اور مساجد میں ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا، ملک بھر میں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب منعقد ہوئیں، اہم سرکاری اور نجی عمارتوں کو سبز ہلالی پرچم کے رنگ والی روشنیوں میں نہلا دیا گیا۔

اس سال وطن عزیزکا 76 واں یوم آزادی وطن عزیز کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے وژناور افکار کے مطابق ڈھالنے اورباہمی اتحاد اور یگانگت سے ملک اور قوم کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے اور چینلنجز سے نبرد آزما ہونے کے عزم کے ساتھ منایا گیا،

سول اور عسکری قیادت کے قوم کے نام پیغامات جاری کئے گئیاور پوری قوم ملی جوش و جذبے کے ساتھ سرشار نظر آئی، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی۔ ایوان صدر ، وزیر اعظم آفس، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ آف پاکستان، تمام صوبائی دارالحکومتوں کی اہم سرکاریعمارتوں سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں کی اہم سرکاری و نجی عمارتوں، ریلوے سٹیشنوں، ہوائی اڈوں ، ڈاکخانوں کو برقی قمقموں سے سجایاگیا اور پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مرکزی تقریبات میں اہم ملکی شخصیات اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 13اور14 اگست کی درمیانی شب کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا بھی انعقاد کیا گیا ۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز نارتھ زون پر بھی تقریب منعقد ہوئی، ٹول پلازوں پر تحائف تقسیم کئے گئے۔13 اور 14 اگست کی درمیانی شب ملک بھرکے مختلف شہروں میں آتش بازی، ملی نغموں اور سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ یوم آزادی کا آغاز ہوا جو 14 اگست کی شب 12 بجے تک جاری رہا۔اسلام آباد،کراچی، لاہور،کوئٹہ ، پشاور سمیت مظفر آباد اور گلگت میں یوم آزادی کی مرکزی تقریبات منعقد ہوئیں، پرچم بردار ریلیاں منعقد کرکے سبز ہلالی پرچم کی حرمت اور توقیرسلامت رکھنے کے عزم کا عہدکیا گیا۔ نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں اٹھائے اپنے منفرد انداز میں جشن آزادی کو شایان شان اور ملی جوش و جذبے کے تحت بھرپور انداز میں منانے کے لئے پر عزم دکھائی دیئے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم آزادی کے جشن کی بھرپور تیاریاں کی گئی تھیں، تمام تقریبات میں ملی جوش و خروش دیدنی تھا ، ہر سو قومی پرچموں کی بہاررہی اور فضائیں ملی نغموں کی دھنوں سے گونجتی رہیں۔ تجارتی مراکز، چوک چوراہوں میں قومی پرچموں، جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچم کے رنگوں کے ملبوسات اور دیگر اشیا کے سٹالز سجیتھے اور نوجوانوں اور بچوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑ ے شہروں، قصبوں اور دیہات میں بازاروں اور سڑکوں پر ہر سو قومی پرچموں کی بہار دکھائی دی۔ جھنڈے جھنڈیاں لگائی گئیں، بیجز اور جشن آزادی کے ملبوسات زیب تن کر کے ملک سے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیااور ہر فرد اس ضزبے سے سرشار نظر آیا ۔ بچوں کی دلچسپی کے لیے قومی پرچم کے رنگوں کے پرکشش کھلونے بھی متعارف کرائے گئے تھے۔ مختلف چوک چوراہوں پر لگائے گئے سٹالز ماحول کو مزید دیدہ زیب بنا رہے تھے۔شہریوں نیجشن آزادی کے موقع پر سیر و تفریح اور یوم آذادی شایان شان طریقے سے منانے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دے رکھے تھے اور تفریح گاہوں مین بھی قومی پرچموں کی بہار رہی۔ مختلف فیشن برانڈز اور آئو ٹ لیٹس نے خریداروں کو راغب کرنے کے لیے ملبوسات، جوتوں اور دیگر اشیا پر رعایتی پیکج متعارف کرارکھے تھے۔ یوم آزادی کے موقع پر خصوصی رعایتی پیکجز کی پیشکش ایک صحت مند کاروباری رجحان دیکھنے میں آیا۔

پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر مقامی پروازوں کے کرایوں میں 14 فیصد رعایت دے رکھی تھی ، جبکہ سکردوانٹر نیشنل ایئر پورٹ پر یوم آزادی کے موقع پر پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے سکردو پہنچی جس کا شاندار استقبال کیا گیاواٹر کینن سے سلیوٹ پیش کیا اور تاریخی پرواز کے پائلٹ نے ایئرپورٹ کی سر زمین کو چھوتے ہی کاک پٹ کا شیشہ کھول کر قومی پرچم فضا میں بلند کیا ۔ اخبارات، جرائد اور میگزینز میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیاگیا جبکہ ریڈیواور ٹیلی ویژن پر خصوصی پروگرام شائع اور نشر کئے گئے۔ تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا اگست شروع ہوتے ہی آغاز ہو گیا تھا یوم آزادی کے موقع پر بچوں میں تقریری، ملی نغموں کے ، پوسٹر سازی کے مقابلے کرائے گئے سوشل میڈیا پر بھی یوم آزادی کی مبارکبادوں والے سٹیکرز، تقریبات کی ویڈیوز، برقی قمقموں سے سجی عمارتوں کی دیدہ زیب تصاویر اور ویڈیوز ، سیلفیاں شیئر کی گئیں اور پورا سوشل میڈیا متحرک دکھائی دیا ۔

مختلف تنظیموں اور شہری اداروں کی طرف سے یوم آزادی کے موقع پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی آگاہی اور بعض تنظیموں کی طرف سے شجرکاری بھیکی گئی۔ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنوں میں بھی وطن عزیز کا 76 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا، پاکستانی تارکین وطن نے ان تقریبات میں بھر پور شرکت کی ، صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔