اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث مخصوص علاقوں میں 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک کے باقی تمام علاقوں میں پولیو ویکسین کے قطرے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو پروگرام کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے کہا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ ملک بھر میں پولیو کے قطرے 10 سال کی عمر تک بچوںکو پلائے جائیں گے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کی 16 یونین کونسلز میں 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں جس کی وجہ پیرودھائی، صفدر آباد اور ملحقہ علاقوں کے گٹر کے پانی میں بھاری مقدار میں پولیو وائرس کی موجودگی ہے ۔ پولیووائرس کے مکمل خاتمہ کے لئے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کی 16 یونین کونسلز میں 10 سل تک کے بچوںکو قطرے پلانے کا فیصلہ اسلام آباد میں ماہ دسمبر اور جنوری میں سبزی منڈی سے ملحقہ 5 یونین کونسلز میں 10 سال کی عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کے بعد کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ جنوری کے بعد اسلام آباد میں گٹروں کے پانی میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔ ا س لئے پولیو کے خاتمہ کی مہم کے دوران ملک بھر میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی ہی پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے۔