ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کل مذہبی عقیدت وجذ بہ کے ساتھ منائی جائے گی

119
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کل مذہبی عقیدت وجذ بہ کے ساتھ منائی جائے گی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):سنت ابراہیمی کی یاد میں کل (ہفتہ )عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت وجذ بہ کے ساتھ منائی جائے گی، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الاضحیٰ کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کئے جائیں گے اور قربانی کے فلسفہ کو اجاگر کیا جائے گا۔

دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی فلاح وبہبود اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہوگا۔ملک بھر کے تمام شہروں ، قصبوں اور دیہات میں مساجد ، امام بارگاہوں، عید گاہوں اورکھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔ علمائے کرام اپنے عید کے خطبات میں سنت ابراہیمی کی اہمیت اور فلسفہ پرروشنی ڈالیں گے۔ نماز عید کے بعد لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔

شہروں او رقصبوں میں میونسپل انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی یقینی بنانے کے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔ سرکاری اور نجی چینلز پر عیدالاضحیٰ کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے جبکہ اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع ہوں گے جن میں عیدالاضحیٰ اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو اجاگر کیاجائے گا۔