ملک بھر میں قیمتوں میں اضافے کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

48

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں سے ملک بھر میں قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے معاملے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، آئندہ بجٹ میں عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت تمام مافیا کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں کررہی ہے،

اس حوالے سے ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مافیا اور گروہوں کے خلاف مختلف سطحوں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آٹا، چینی اور پٹرولیم مصنوعات کا بحران پہلی مرتبہ نہیں آیا ماضی میں بھی ملک میں ایسے بحران آتے رہے ہیں، آئندہ مالی سال 2021-22 ء کے بجٹ میں عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ادارہ جاتی سطح پر ہونے والی بدعنوانی پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے ،

ادارہ جاتی سطح پر بدعنوانیوں کی وجہ سے مہنگائی کے زیادہ مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم ، گنے اور کپاس کی اچھی پیداوار کی وجہ سے ملکی معاشی حالات مستحکم ہیں، ٹیکسٹائل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات کے شعبوں سمیت کئی شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ جہانگیر ترین گروپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے بارے میں آزادکشمیر الیکشن کمیشن کی تجاویز پر عمل پیرا ہوگی، چیف الیکشن کمیشن آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے اور صرف چیف الیکشن کمشنر کو ہی انتخابات وقت پر کرانے یا ان میں تاخیر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔