ملک بھر میں ورلڈ فادرز ڈے 16جون کو منایا جائے گا

196
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ فادرز ڈے اتوار کو منایا گیا

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):ملک بھر میں ورلڈ فادرز ڈے (والد سے محبت کے اظہار کا عالمی دن) 16 جون کو منایا جائے گا۔امریکا میں بیسویں صدی کے اوائل میں ماؤں کے عالمی دن کی کامیابی کے بعد والد کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے اس دن کو منانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

عالمی سطح پر اس دن کو 1966میں اس وقت مقبولیت ملنا شروع ہوئی جب امریکی صدر لنڈن جانسن نے جون کے تیسرے اتوار کو فارد ڈے قرار دیا اور 1972میں اسے امریکی قومی تعطیل قرار دیا گیا، اس کے بعد ہر سال جون کے تیسرے اتوار کو دنیا کے 58 سے زائد ممالک میں فادرز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر والد کے ساتھ الفت اور ان کی خدمت کے جذبے کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا جاتا ہے۔ فادرز ڈے کے موقع پر بچے اپنے والد کےلئے تحائف اور کارڈز پیش کر کے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

باپ دنیا کی وہ عظیم ہستی ہے جو بچوں کی پرورش کے لئے اپنی جان تک لڑا دیتا ہے اور ہر باپ کا یہی خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچے کو اعلیٰ سے اعلیٰ میعار زندگی فراہم کرے تاکہ وہ معاشرے میں باعزت زندگی بسر کرے اور معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ فادرز ڈے کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔