ملک بھر میں پرائم منسٹر سپورٹس ہنٹ پروگرام شروع کررہے ہیں ، شزہ فاطمہ خواجہ

192

لاہور۔12جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پرائم منسٹر سپورٹس ہنٹ پروگرام شروع کررہے ہیں۔وہ پیر کے روز لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پرائم منسٹر سپورٹس ہنٹ فٹبال شروع کرنے کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند و مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں کھیلوں کیلئے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ہاکی ،والی بال میں نوجوانوں نے حصہ لیا، دو ہفتوں کے دوران کے پی ،پنجاب ،اسلام آباد، کراچی میں ٹرائل ہوں گے، عید الاضحی کے بعد پراونشل لیگ کا آغاز ہوگا جس کا فائنل اسلام آباد میں کرایا جائے گا، تمام سپورٹس سے وابستہ تمام لوگوں کی نوکریاں بحال ہوں گی جسے پہلے ختم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ الحاق کیا ہے، صوبائی سطح پر مل کر کام کریں گے ، کھلاڑی ملک کے لئے کھیلیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کھیلوں کیلئے بیس سے تیس لاکھ روپے تک کے انعامات کھلاڑیوں میں تقسیم کئے جائینگے، لڑکیاں ضرور آئیں کھیلوں میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ٹرائل لاہور میں شروع ہوں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سپورٹس وہاب ریاض نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو شروع کرنے پر موجودہ حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں، سپورٹس میں خواتین کیلئے کچھ کم سوچا جاتا ہے کسی کی بہن ہو یا بیٹی سپورٹس میں لڑکیوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے،انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں کے کھیلوں کیلئے آگے آئے گاتو سپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہاکی اور والی بال میں بہت کام ہوا ہے اب فٹبال کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے کہا کہ سب سے پہلے ہاکی کے ٹرائل شروع کئے، پھر والی بال آگے کرکٹ بھی ہوگی۔رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کے سپورٹس ویژن کے تحت ہی پنجاب میں یوتھ پالیسی لائی گئی، محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں جمنیزیم اور سپورٹس کیلئے گرائونڈز بنائے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یوتھ کا نعرہ لگانے والے حق ہی مارتے رہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن) لیگ کی حکومت نوجوانوں کیلئے سپورٹس کی بھرپور سرگرمیاں شروع کرے گی ، ملکی ٹیلنٹ سے کھیل میں ملک کا مستقبل نکل کر باہر آئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ امید ہے کہ پنجاب میں دو ارب روپے سپورٹس انڈوومنٹ کیلئے رکھیں گے ، پنجاب میں 89سو گرائونڈز پر کام شروع کر دیا تھا صوبے سے بڑے شہروں تک سلسلہ شروع ہورہا تھا،17سپورٹس کمپلیکس بن رہے تھے جسے روک دیا گیا، ناروال سپورٹس کمپلیکس پر احسن اقبال کو گرفتار کر لیا گیا جو شرم کی بات ہے،یہ لوگ پلاننگ سے ملک کو تباہ کرنے آئے تھے پہلے بھی سنبھالا اب بھی سنبھالیں گے، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو عمران خان نے ختم کرکے اپنے دستخط سے مستقبل تاریک کر دیا ۔ شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ پہلے تو تمام محکموں کی سپورٹس کو بحال نہ کر سکے اس سال صوبائی و وفاقی سطح پر بھی کوشش کریں گے، سپورٹس ویمن اور ان کے روزگار کیلئے بجٹ رکھیں گے، جب تک معاشی حالات بہتر نہیں ہوں گے بچے پرفارم نہیں کر پائیں گے،اسی ارب روپے یوتھ کیلئے رکھے گئے ہیں اس سال سپورٹس انڈوومنٹ بھی بنے گا ۔

ریٹائرڈ سپورٹس ویمن کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کوچز مینجمنٹ کی کمی ہے اس کیلئے پانچ ارب روپے رکھے گئے ہیں ، پنجاب سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے تحت سکالر شپس بھی دیں گے،وہاب ریاض سے کرکٹ کیلئے رہنمائی لیں گے، شاہد آفریدی سے بھی مشورہ لیں گے، شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی بیس بال دنیا میں 29ویں نمبر پر ہے ، سارا بجٹ برابری کی سطح پر تمام صوبوں کو دیا جائے گا،کوئٹہ کراچی اور بہاولپور میں سپورٹس سرگرمیاں شروع کریں گے،لیپ ٹاپ بلوچستان میں بھی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا این او سی زیر التوا ہے سکیورٹی کلیئرنس پر این او سی دیں گے۔

بعد ازاں معاون خصوصی برائے وزیراعظم شزہ فاطمہ خواجہ نے لاہور کالج یونیورسٹی گرائونڈ میں پرائم منسٹر اسپورٹس ہنٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان ،نگران صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض ، یونیورسٹی انتظامیہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔