ملک بھر میں یوم پاکستان (کل) روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا، سب سے بڑی تقریب پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں ہوگی

117

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) ملک بھر میں یوم پاکستان ہر سال کی طرح اس سال بھی (کل) ہفتہ کو روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے مہمان اعزازی ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے، آذربائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کے چیف آف آرمی سٹاف اور عمان کے اعلیٰ حکام بھی مہمانوں میں شامل ہیں جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے اراکین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، غیرملکی سفارتکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے۔ آذربائیجان، بحرین، چین، سعودی عرب، سری لنکا اور ترکی کے مختلف دستے یوم پاکستان پریڈ میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج، گرلز گائیڈز، بوائے سکاﺅٹس کے دستے سلامی دیں گے۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی پریڈ میں شامل ہوں گے۔یوم پاکستان کی پریڈ میں جدید ترین فوجی سازو سامان، میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہین اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے جبکہ چین کے جے ٹین اور ترکی کے ایف 16 سی طیارے بھی فضائی مظاہرہ کریں گے۔ پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں صدر و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قومی، سیاسی اور سماجی اداروں کی جانب سے تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ 23 مارچ کو ہر سال کی طرح عام تعطیل ہو گی۔ صوبائی دارالحکومتوں میں صبح کا آغاز 21 جبکہ مرکز میں 31 توپوں کی سلامی سے ہو گا، مساجد میں پاکستان کی بقاءاور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی ضمیمے اور پروگرامز شائع و نشر کئے جائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے اس سال یوم پاکستان کے موقع پر تین مختلف پرومو جاری کئے گئے ہیں جس کا عنوان ”پاکستان زندہ باد“ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی خصوصی ٹریفک پلان وضع کیا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والی نمایاں شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اعزازات دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہو گی جہاں صدر مملکت اعزازات دیں گے۔