ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

141
Celebration of Eid Milad-ul-Nabi ﷺ
Celebration of Eid Milad-ul-Nabi ﷺ

راولپنڈی ۔17ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع ضلع بھر میں مساجد ، اہم عمارتوں اور گلیوں، بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ، ساتھ اہم مقامات کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا، مساجد میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا گیا ، شہر بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

ضلع راولپنڈی میں مرکزی جلوس سمیت کل 108 عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے گئے، اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ، مرکزی جلوس کے راستوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی گئی ، فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کئے گئے ۔آر پی او بابر سرفراز الپا نے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کے ہمراہ عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا ۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی راول، علماء کرام اور امن کمیٹی کے عہدیداران بھی ہمراہ تھے۔آر پی او نے جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیں۔آر پی او اور کمشنر نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد راولپنڈی پولیس کے افسران و اہلکار جلوسوں کے مختلف روٹس پر تعینات کیے گئے ۔

عید میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے 450 سے زائد ٹریفک پولیس افسران اور ٹریفک وارڈنز خصوصی ڈیوٹی پر مامور تھے ۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جلوسوں کے تمام راستوں کی صفائی کی گئی ہے، اس دوران ریسکیو 1122 کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہی۔