اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں یکم ستمبر سے خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔ مہم کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ وہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ترجمان فرحان شاہ بخاری کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے جو پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں گھر گھر جا کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم ایک انتہائی اہم موقع پر شروع کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان کے مختلف اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر، پولیو اور دیگر ویکسین سے قابل بچائو بیماریوں کے پھیلائو کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اس مہم کا حصہ بنیں اور لوگوں کو آگاہی دیں کہ ویکسین کیوں ضروری ہے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہر بچے کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچائو کے دو قطرے لازمی دیئے جائیں اور ساتھ ساتھ ان کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی بروقت مکمل کروایا جائے۔