31.3 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر کے علما و مشائخ ، خطبا ، آئمہ 12 مئی...

ملک بھر کے علما و مشائخ ، خطبا ، آئمہ 12 مئی جمعۃ المبارک کو یوم استحکام پاکستان کے طور پر منائیں گے،پاکستان علما کونسل

- Advertisement -

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کی اپیل پر ملک بھر کے علما و مشائخ ، خطبا ، آئمہ 12 مئی جمعۃ المبارک کو یوم استحکام پاکستان کے طور پر منائیں گے ۔

خطبات جمعۃ المبارک میں گذشتہ دو روز کے دوران شر پسند عناصر کی طرف سے ملک میں تشدد، سرکاری ، عسکری اور عوامی املاک پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عوام الناس سے ہر طرح سے شر پسند عناصر سے دور رہنے اور اس قسم کے ملک دشمن اقدامات کی مذمت کا کہا جائے گا، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی مولانا اسعد زکریا قاسمی، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا محمد اسلم صدیقی، علامہ طاہر الحسن اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو پر تشدد انداز اختیار کیا گیا وہ قابل افسوس ، قابل مذمت اور دہشت گردی ہے ۔

- Advertisement -

پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں اس قسم کی دہشت گردی نہیں دیکھنے میں آتی ہے ۔ ایک منظم سازش کے تحت عوامی ، سرکاری ، افواج پاکستان سے منسلک مقامات کو نشانہ بنایا گیا ، شرپسند عناصر کو روکنے کی بجائے تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ، تاہم 12 مئی کو جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا جائے گا اور ان پرتشدد واقعات کی بھرپور مذمت اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ رہنمائوں نے رینجرز ، پولیس ، افواج پاکستان کی طرف سے صبر و تحمل اختیار کرنے پر تحسین کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فوج اور سلامتی کے تمام اداروں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے ۔ پاکستان دشمن قوتیں چاہتی تھیں کہ عوام اور فوج کا تصادم ہو لیکن فوج اور سلامتی کے اداروں کے تحمل نے اس سازش کو ناکام بنای دیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363034

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں