ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے، آئی جی پنجاب

78
IG Punjab

لاہور۔16نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے،ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دیں گے، پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نےجمعرات کو پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں زیر تربیت پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود پولیس عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے،10ماہ قبل فورس کے انفراسٹرکچر، پروموشنز، ویلفیئر اور مثبت نتائج کے لئے اعتماد کے سفر کا آغاز کیا، پولیس سے بڑھ کر شہریوں کی حفاظت کرنے والا کوئی اور ادارہ نہیں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم کے قلع قمع اور بہترین سروس ڈلیوری سے پنجاب پولیس کا مثبت تشخیص دنیا کے سامنے لانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کالجز اور سکولز میں ماڈرن پولیسنگ اور سہولیات کے مطابق ٹریننگ نصاب کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،چوہنگ کے ساتھ فاروق آباد، سہالہ، ملتان اور سرگودھا کے ٹریننگ اداروں میں تربیتی سکلز اور سلیبس کو اپ گریڈ کیا گیاہے، نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی طرف سے پاسبان کی سمری منظوری کے بعد جلد ہی 5 ہزار نئی پروموشنز ہوں گی، تیزتر ترقیوں اور ویلفیئر اقدامات کا ثمر خوش اخلاقی سے بہترین کارکردگی کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ رواں سال شہدا اور ڈیتھ ان سروس کلیم کے تحت 1500 ملازمین کے بچوں کو محکمہ میں ملازمت دی گئی ، رواں سال فورس کی ہیلتھ ویلفیئر پر 250 کروڑ روپے، اگلے سال 350 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں،پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم پر رواں سال 85 کروڑ روپے، اگلے سال 100 کروڑ روپے سکالرشپ کی مد میں خرچ کریں گے،

آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے تمام شعبوں میں بہتری لانے پر کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب للہ کی کاوشوں کو سراہا،انہوں نے سپورٹس و تعمیری سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے لئے 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا، آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے سٹاف اور زیرتربیت افسران کے مسائل سنیاور حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔