اسلام آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبیلٹی نیب ،ڈی جی آپریشن نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ترجمان نیب کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعد مزید کاروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بدعنوانی کے3 ریفرنسزد ائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں خواجہ انور مجید اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ملزمان پر مبینہ طورپرمنی لانڈرنگ اور بدعنوانی کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کومبینہ طورپر تقریباََ34کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سید عارف خان ڈائریکٹر /شراکت دار میسرزکینال ویو اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ملزمان پر مبینہ طورپرعوام کو دھوکہ دہی کاالزام ہے۔جس سے قومی خزانے کومبینہ طورپر تقریباََ266 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں سعادت انور سابق چئیرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (BDA) کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ملزم پر مبینہ طورپرآمدن سے زائداثاثے بنانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں نصار احمد افضل ،صغیر احمد افضل اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔