ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی پیداواراورفروخت میں جاری مالی سال کے پہلے7 ماہ میں اضافہ ریکارڈ

121

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):ملک میں زرعی شعبہ میں نمایاں تیزی آنے کے بعد زرعی ٹریکٹروں کی پیداواراورفروخت میں جاری مالی سال کے پہلے7 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان آٹومینوفیکچررزایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے جنوری 2022 تک کی مدت میں ملک میں 32,585 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداواراور31,445یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 20.53 فیصد اور16.03 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں زرعی ٹریکٹروں کے 27,033 یونٹس پیداواراور27,100 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

جنوری کے مہینہ میں ملک میں 5,640 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداواراور4,966 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، گزشتہ سال جنوری میں ملک میں 3,646 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداواراور5,247یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ ان میں فئیٹ،میسی فرگوسن اور اورئنٹ آئی ایم ٹی کے ٹریکٹرزشامل ہیں۔

جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں فئیٹ کے 11,448 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور11,175 یونٹس کی فروخت جبکہ میسی فرگوسن کے 21,137 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور20,270 یونٹس کی فروخت ہوئی، اورئنٹ آئی ایم ٹی کے ٹریکٹرز کاڈیٹا فراہم نہیں کیاگیاہے۔