اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):ملک میں صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں اپریل کے دوران کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں صارفین کیلئے قیمتوں کا اشاریہ (سی پی آئی) 17.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 20.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کا اشاریہ (سی پی آئی) اپریل میں 19.4 فیصد رہا جو مارچ میں 21.0 فیصد اور گزشتہ سال اپریل میں 33.5 فیصد تھا۔
دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کا اشاریہ اپریل میں 14.5 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 19 فیصد اور گزشتہ سال اپریل میں 40.7 فیصد تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ اپریل میں 21.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 25.9 فیصد اور گزشتہ سال اپریل میں 42.1 فیصد تھا۔ ہول سیل پرائس انڈکس اپریل میں 13.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 14.8 فیصد اورگزشتہ سال اپریل میں 33.4 فیصد تھا۔
شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر 13.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 12.8 فیصد اور گزشتہ سال اپریل میں 19.5 فیصدتھا۔ دیہی علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زراپریل میں 19.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو مارچ میں 20 فیصد اورگزشتہ سال اپریل میں 24.9 فیصدتھا۔
اپریل کے دوران میں پیاز کی قیمت میں 15.58 فیصد، تازہ سبزیاں 11.98 فیصد، گندم 10.44 فیصد، آٹا 9.67 فیصد، ٹماٹر6.23 فیصد، انڈے 4.30 فیصد، دال چنا 1.15 فیصد، دال مسور1 فیصد، چینی 0.96 فیصد، تازہ پھل 0.95 فیصد، بیسن 0.85 فیصد، بجلی 9.50 فیصد، مائع ہائیڈروکاربن 0.60 فیصد اورتعمیراتی سامان کی قیمت میں 0.12 فیصدکی کمی ہوئی۔
اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 21.38فیصد، مچھلی 2.49 فیصد، آلو 2.29 فیصد، گوشت 1.94 فیصد، خشک ملک پاوڈر1.34 فیصد بیکری اینڈکنفیکشنریز1.04 فیصد، دال ماش 0.38 فیصد، چاول 0.30 فیصد، سرسوں کاتیل 0.21 فیصد، دودھ سے بنی اشیاء 0.14 فیصد، آئس کریم 0.02 فیصد اورسیگریٹ کی قیمت میں 0.01 فیصدکااضافہ ہوا۔