اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):ملک میں مٹی کے تیل (کیروسین آئل) کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے دوران عمومی اضافہ کارحجان دیکھنے میں آیاہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ملک میں کیروسین آئل کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر23.7 فیصد جبکہ جنوری میں 116.6 فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے۔
جولائی سے لیکرجنوری 2022 تک کی مدت میں ملک میں 82,843,000 لیٹرکیروسین آئل کی پیداوارریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.7 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 66,956,000 لیٹرکیروسین آئل کی پیداوارریکارڈکی گئی تھی۔
جنوری 2022 میں ملک میں 13,075,000 لیٹرکیروسین آئل کی پیداوارہوئی جوگزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 116.6 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال جنوری میں ملک میں 6,038,000 لیٹرکیروسین آئل کی پیداوارریکارڈکی گئی تھی۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر7.6 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔