ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت، سیاسی جماعتیں اور چیمبرز مل کر قابل عمل چارٹر آف اکانومی تیار کریں، مہر کاشف یونس

74
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے حکومت، تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اتفاق رائے کے ساتھ اجتماعی طور پر قابل عمل چارٹر آف اکانومی تیار کریں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو تھنک ٹینک گولڈ رِنگ اکنامک فورم کے زیراہتمام چارٹر آف اکانومی کی ضرورت کے موضوع پر سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ اس نازک موڑ پر معیشت کی بحالی کے لیے سخت معاشی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے،

دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی روس یوکرین جنگ، سیلاب کی تباہ کاریوں اور کورونا کی وباسے شدید متاثر ہوا ہے لیکن پاکستان اس سے قبل بھی کئی دہائیوں سے ایک دائمی معاشی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر عوامل کے علاوہ کم شرح نمو،قرضوں اور مہنگائی کے مسائل ، کم پیداواری صلاحیت اور کم پیداواری مسابقت سے معاشی مشکلات میں اضافہ ہواہے اور یہ عوامل معاشی سست روی کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو طویل عرصے سے جس معاشی بحران کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے کوئی ایک سیاسی جماعت مطلوبہ اصلاحات متعارف نہیں کر سکتی کیونکہ اس کیلئے مشکل اور جرات مندانہ پالیسی فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایک سیاسی جماعت یا اتحاد اقتدار میں رہتے ہوئے ایسا کرتا ہے تو اسے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں سمیت بااثر حلقوں کی جانب سے شدید مخالفت اور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا، اس لیے وسیع تر قومی مفاد میں تمام سٹیک ہولڈرز، سیاسی جماعتوں اور اقتدار کے مراکز کو ایک پیج پر ہونا چاہیے تاکہ طویل مدتی، نتائج پر مبنی اور دور رس پالیسی فیصلے کئے جا سکیں۔

مہر کاشف یونس، جو کرغزستان ٹریڈ ہاو س کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ ملک کا مستقبل معاشی بحران پر قابو پانے پر منحصر ہے اور اس کی وجوہات کا سب کو بخوبی علم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا رخ ترقی و خوشحالی کی جانب موڑنا کوئی بڑی بات نہیں ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان اب تک بہت کم کامیابی حاصل کر پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر مزید بے یقینی کا متحمل نہیں ہو سکتا اور اسے ایک بہتر، فعال اور خوشحال معیشت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس کی معاشی ابتری سے نکالنا پارٹی وابستگی کا معاملہ نہیں بلکہ ان تمام سیاسی و اقتصادی سٹیک ہولڈرز کا مشترکہ مشن ہونا چاہیے جو پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی معیشت کو متحرک کرنا ہے تو اس کیلئے فعال معاشی حکمت عملی تیار کرنے اور اس پر کاربند ہونے کی کی اشد ضرورت ہے۔