اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں معیاری تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لوگوں میں میعاری تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں معیاری تعلیم کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی فاصلاتی تعلیم کے فروغ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 14 لاکھ طلباء زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قیام سے ابّ تک 35 لاکھ طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔