لاہور۔30اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کل جمعرات کوپاکستان سمیت پوری دنیا میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،ملک کی معاشی ترقی اور اسے مضبوط خطوط پر استوار کرنے میں مزدور کا کلیدی کردار ہے۔ یوم مزدور کے حوالے سے اپنے پیغام میں گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ کل کے دن ان تمام محنت کشوں کا معاشرے کی ترقی کی کردار تسلیم کرنے کا دن ہے جن کے پسینے سے اس ملک کے کارخانوں، ملوں اور مختلف صنعتوں کے پہیے چلتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لیبر ڈے ان مزدورں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے شکاگو میں اپنے حقوق کے حصول کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور اسے مضبوط خطوط پر استوار کرنے میں مزدور کا کلیدی کردار ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو ان کے حقوق کے بارے میں شعور دیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دین اسلام محنت کا درس دیتا ہے اور ہمارا مذہب مزدور کی محنت اور رزق حلال کمانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے اللہ کا دوست قرار دیتا ہے۔ صنعت کاروں کو چاہیئے کہ وہ ملک میں مزدور کی خوشحالی میں اپنا کردار متحرک طریقے سے ادا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590493