فیصل آباد۔ 23 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سینئرنائب صدرڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان کی مستحکم معاشی ترقی کےلئے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اشد ضروری ہے،اس کےلئے صنعتی و تجارتی شعبے سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی لازمی ہے تاکہ وہ جدت کو فروغ دینے اور نئی مصنوعات متعارف کروانے کی جانب راغب ہو سکیں۔
بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل سے چھٹکارہ دلانے کا واحد حل صنعتی و تجارتی سر گرمیوں کا فروغ ہے اس لئے ملک میں ایسے حالات یقینی بناناہوں گے جن کے باعث صنعتی و تجارتی شعبوں سے وابستہ افراد مشکل حالات میں بھی ملکی اقتصادی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ وہاں بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے عوام کا معیار زندگی بلند اور غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے ملک میں انٹر پرینیور شپ کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔