ملک کی معیشت کو ٹریک پر لانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، سینیٹر ولید اقبال

73

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ حکومت مشکل حالات سے گزر رہی ہے، سختی کے دن گزر جائیں گے، بعد میں اچھے دن آنے والے ہیں۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ حکومت کو مشکلات ورثہ میں ملی ہیں جن سے ملک کو نکلانا ہے، مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے، عوام اچھی طرح جانتے ہیں، پانچ سال گزرنے دیں معلوم ہو جائے گا کہ سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومتوں میں کیا فرق ہے، ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں ملک کی معیشت کو ٹریک پر لا سکیں، جب ملک کی معیشت بحال ہو جائے گی تو دوسرے تمام معاملات حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی لا کر دکھائی ہے اب ملک بھر میں دکھائیں گے جس کے بعد ہم اگلی مرتبہ بھی اقتدار میں ہوں گے۔