لاہور۔ 6 اپریل (اے پی پی)محکمہ موسمیات نے لاہور، فیصل آباد ، سرگودھا ، ڈی آئی خان، کوئٹہ، ڑوب، سبی،کوہاٹ، بنوں میں آج اتوار کے روز بعض مقامات پر موسم جزوی ابر آلود رہنے ، کے ساتھ ساتھ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میںاتوار کے روز موسم خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہا۔جبکہ مالاکنڈ، بنوں ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے میر کھانی میں 18، دروش میں 3، بنوںمیں1،گلگت بلتستان کے علاقے استور اور بگروٹ میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں شہید بینظیرآباد، مٹھی میں45 ، چھور،لسبیلا، پڈعیدن میں44، جیکب آباد اور رحیم یار خان، تربت،لاڑکانہ، سکھر ، دادو اور سکرنڈ میں 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ کے روز لاہور پنجاب کے بعض دیگر اضلاع سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بعض مقامات پر موسم خشک رہنے کے ساتھ ابرآلود رہا جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہا۔