اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کے علاوہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک تاہم شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں کوئٹہ (سمنگلی 17، سٹی 6)، قلات 4، پنجاب میں راولپنڈی (چکلالہ 7)، نارووال 2، جھنگ ایک، گلگت بلتستان میں گوپس میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو ریکارڈکئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی5، کالام منفی 4، پارا چنار ، مالم جبہ منفی 3، قلات، راولا کوٹ اور مری میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564627