اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اور درآمدات میں 32.98 فیصدکی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر نومبر تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 14.41 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارہ کاحجم 20.62ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،
نومبرمیں تجارتی خسارہ کاحجم 2.88 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواکتوبرکے مقابلہ میں 24 فیصدزیادہ اورگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 42 فیصدکم ہے، اکتوبرمیں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 2.33 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،
جولائی سے نومبرتک کی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 11.93 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.36 ارب ڈالرتھا۔نومبرمیں ملکی برآمدات کاحجم 2.37 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواکتوبرکے مقابلہ میں ایک فیصدکم اورگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 18 فیصدکم ہے، اکتوبرمیں ملکی برآمدات کاحجم 2.38 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 2.90 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر20 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔جولائی سے نومبر2022 تک کی مدت میں ملکی درآمدات کاحجم 26.34 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 32.98 ارب ڈالرتھا
، نومبرمیں ملکی درآمدات پر5.25 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جواکتوبر کے مقابلہ میں 11 فیصدزیادہ اورگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 34 فیصدکم ہے، اکتوبرمیں ملکی درآمدات کاحجم 4.71 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 7.90 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔