ملک کے39 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 13فروری سے ہوگا، 60 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،ترجمان قومی وزارت صحت

100
پولیو

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):ترجمان قومی وزارت صحت نے کہا ہے کہ حکومت کی مربوط اور جامعہ حکمت عملی کے تحت وائرس کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ۔

اتوارکو اپنے ایک بیان میں ترجمان قومی وزارت صحت نے کہا کہ لاہور میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ملک کے39 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیاجا رہا ہے جس کے دوران 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم13 تا17 فروری کے دوران 39 اضلاع میں چلائی جائے گی ۔

وفاقی وزیر قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ ملک کے 30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائے گی ۔ پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں مجموعی مہم ہوگی جبکہ جنوبی خیبرپختونخوا کے سات اضلاع بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان بھی انسداد پولیو مہم میں شامل ہیں ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سرحد پار کسی بھی طرف پولیو وائرس دونوں ممالک کے بچوں کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پولیوکا وائرس کمزور ہو جاتا ہے، پولیو وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کیلئے کامیاب مہمات کا سلسلہ جاری ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے بھر پور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے والدین کا تعاون ضروریہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران والدین اپنے بچوں کو پولیو سے تحفظ کے قطرے ضرور پلائیں۔